اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صحافی اور اینکر پرسن منصور علی خان نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان پانامہ لیکس کے معاملے پر اب نرمی اختیار کئے ہوئے ہیں جس کی اصل وجہ یہ ہے کہ وہ اس ایشو کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اینکر پرسن نے ان خیالات کا اظہار سید طلعت حسین کے پروگرام میں کیا جب سید طلعت حسین نے ان سے پی ٹی آئی کی آئندہ حکمت عملی اور عمران خان کے مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں دریافت کیا تو ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا شکریہ کہ انہو ں نے پانامہ لیکس کے ایشو کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ اس کے بعد ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اس معاملے پر نرمی دکھاتے ہوئے اس معاملے کو لمبا شاید اس لئے کر رہے ہیں کہ وہ آئندہ عام انتخابات تک اس سلسلے کو کھینچنا چاہتے ہیں تاکہ اس معاملے سے براہ راست الیکشن میں فائدہ اٹھا سکیں۔
منصور علی خان کا کہنا تھا کہ اس سیاست کا عمران خان کو کافی زیادہ فائدہ ہوا ہے جیسا کہ جہلم کے ضمنی انتخابات میں عمران خان کے امید وار نے 76 ہزار ووٹ لے لئے ہیں جو کہ ان کے لئے کافی اچھا شگون ہے۔ اسی حکمت عملی کو جاری رکھتے ہوئے عمران خان ا س معاملے کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں تاکہ آئندہ عام انتخابات میں ن لیگ کو نیچا دکھایا جا سکے اور عوام کے ووٹ پی ٹی آئی کے لئے حاصل کئے جا سکیں۔