کراچی(این این آئی)وفاقی وزارت داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیوایم) کے قائد کی اشتعال انگیز تقریراورمیڈیا ہاؤسز پر حملے کے حوالے سے تمام ثبوت طلب کرلئے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے کراچی میں تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کیا گیا ہے جس کے تحت متحدہ قومی موومنٹ کے قائد کی اشتعال انگیز تقریر کے بعد ہنگام آرائی اورتوڑ پھوڑسمیت تمام ثبوت طلب کئے گئے ہیں۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کو وزارت داخلہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ ہنگامہ اور میڈیا ہاسز کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیجزاورالیکٹرانک میڈیا کے کیمروں سے بنانی گئی فوٹیجزسمیت دیگر تمام ثبوت فوری طور پر فراہم کیے جائیں۔ذرائع کے مطابق ثبوت حاصل کرنے کے بعد وفاقی وزارت داخلہ کی تشکیل کردہ خصوصی ٹیم ثبوتوں کے ہمراہ برطانیہ روانہ ہوگی جہاں ثبوت برطانوی حکومت اوراسکاٹ لینڈ یارڈ کو فراہم کیے جائیں گے اور حاصل کردہ ثبوتوں کی روشنی میں ملک میں بھی آئین کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔