پشاور (این این آئی) چھ ماہ بعد اغواء کاروں کے چنگل میں پھنسی چترال کی دوشیزہ بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگئی اور انکشاف کیاہے کہ پنجاب کے علاقے گوجرانوالہ ، خیبرپختونخوامیں پشاور چترال کے گروہ سرگرم ہیں جو خریدوفروخت کا کام کرتے ہیں ۔نجی ٹی وی کے مطابق اغواء کاروں کے چنگل سے بھاگ کر آنیوالی چترالی دوشیزہ نے بتایاکہ پہلے اسے شادی کا جھانسہ دیا گیا تاہم انکار کرنے پر اسے اغواء کرلیاگیا اور پھر بے ہوشی کی حالت میں ہی پنجاب لے جاکر چھ لاکھ روپے میں فروخت کردیاگیا۔خاتون نے بتایاکہ خواتین کے اغواء اور خریدوفروخت میں ملوث گینگ میں چترال ٗ پشاور اور پنجاب کے لوگ بھی شامل ہیں، چھ ماہ تک تاریک کمرے میں قید رکھاگیا ٗبات نہ ماننے پر درندگی کی حدتک جنسی تشدد تک کا نشانہ بنایاجاتارہا، بہت مشکل سے جان بچاکر نکلنے میں کامیاب ہوئی ہوں۔ رپورٹ کے مطابق چترال کی اس دوشیزہ نے وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور عدلیہ سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بہت ظلم ہواہے جو الفاظ میں بیان کرناممکن نہیں۔