لندن (این این آئی)سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کی ہر صورت تحقیقات چاہتے ہیں جبکہ اعتزاز احسن نے تحریک انصاف کو سپریم کورٹ نہ جانے کا مشورہ دے دیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری سے لندن میں سینیٹر بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں پاناما لیکس اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بابر اعوان نے پاناما لیکس پر اپوزیشن جماعتوں اور وکلاء کے موقف سے متعلق بریفنگ دی۔ آصف زرداری کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے اپوزیشن کے ٹی او آرز موثر اور آئینی ہیں ٗ ہر صورت تحقیقات ہونی چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ نومبر سے اگلے سال نومبر تک پیپلز پارٹی گولڈن جوبلی سال منائے گی۔دوسری جانب اعتزاز احسن نے تحریک انصاف کو سپریم کورٹ نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔ اعتزازاحسن کہتے ہیں کہ اگر سڑکوں پر تحریک چلانی ہے تو سپریم کورٹ کا آپشن مناسب نہیں پیپلز پارٹی سپریم کورٹ سے رجوع نہیں کرے گی۔