اسلام آباد (این این آئی)انتخابی اصلاحات کے لئے قائم پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم پر 90فیصد کام مکمل ہو چکا ہے‘ منگل تک نئے ممبران کی تعیناتی پر آئینی ترمیم کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ پیر کو انتخابی اصلاحات کمیٹی کا 17واں اجلاس سینیٹر اسحاق ڈار کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے اراکین زاہد حامد‘ انوشہ رحمان ایڈووکیٹ‘ ڈاکٹر عارف علوی‘ سید نوید قمر‘ کرنل (ر) سید طاہر حسین مشہدی سمیت دیگر اراکین اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد مختصر بریفنگ دیتے ہوئے سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن کے اراکین کی تعیناتی پر اپنی قیادت سے مشاورت کے لئے وقت مانگا ہے۔ (آج) منگل تک الیکشن کمیشن کے نئے ممبران کی تعیناتی پر آئینی ترمیم کو حتمی شکل دیدی جائے گی۔ ایک سے دو روز میں آئینی ترمیم کے مسودے کو ایوان میں پیش کردیں گے۔