لاہور ( این این آئی) وزیراعظم کاقومی خزانے سے بیرون ملک علاج ،ہائیکورٹ کے فیصلے نے ہلچل مچادی-لاہور ہائیکوررٹ نے وزیراعظم پاکستان کے بیرون ملک علاج اور اخباری اشتہارات کا خرچہ قومی خزانے سے کرنے کے خلا ف دائر درخواست باقاعدہ سماعت کے لے منظور کر لی۔درخواست گزار اقبال جعفری نے عدالت کو بتایا کہ رجسٹرار آفس نے درخواست پر ناقابل سماعت ہونے کا اعتراض لگایا ہے۔درخواست گزار کے مطابق، وزیراعظم اپنا علاج بیرون ملک کرواتے ہیں، جس پر لاکھوں روپے خرچ آتا ہے۔ وزیراعظم کا یہ اقدام آئین کے آرٹیکل 3اور 4کی خلاف ورزی ہے۔درخواست گزار نے یہ موقف بھی اپنایا کہ وزیراعظم نے پاناما لیکس کے حوالے سے اخبارات میں اشتہار جاری کروا کر اپنی صفائی پیش کی جبکہ پاناما لیکس کا الزام وزیراعظم پاکستان پر نہیں بلکہ نواز شریف اور ان کے خاندان پر لگا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیر اعظم کو قومی خزانے سے اخبار میں اشتہار دینے کا حق حاصل نہیں۔ اقبال جعفری نے عدالت سے اپیل کی کہ وزیراعظم کو بیرون ملک علاج سے روکنے کے علاوہ ان سے اخبارات میں اشتہار کی رقم بھی وصول کی جائے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست پر عائد اعتراض ختم کرتے ہوئے باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرلی۔