کراچی (این این آئی) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کے 2منحرف ارکان سندھ اسمبلی کے استعفیٰ منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو خالی نشستوں پر انتخابات کرانے کی سفارش کردی ہے ۔تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے اشفاق منگی نے پاک سرزمین پارٹی اور پونجو مل نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد سندھ اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا ۔دونوں ارکان نے اپنا استعفیٰ اسپیکر سندھ اسمبلی کو ارسال کیا تھا ۔سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے پیر کو دونوں ارکان کے استعفیٰ منظور کرتے ہوئے نشستیں خالی قرار دے دی ہیں ۔جبکہ خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو خط ارسال کردیا گیا ہے ۔