لاہور ( این این آئی) لاہور کے جناح ہسپتال میں وارڈ بوائے نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہوکر دوران ڈیوٹی ہسپتال کی تیسری منزل سے کود کر خودکشی کرلی، پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ 26سالہ شہباز اقبال نے گزشتہ دنوں بھی میٹرو سٹیشن کے پل سے چھلانگ لگا کر زندگی ختم کرنے کی کوشش کی تاہم وہاں پر موجود لوگوں کے سمجھانے پر وہ پل سے نیچے اتر آیا تھا ۔تاہم پیر کو علی الصبح شہباز جناح ہسپتال کے کینسر وارڈ میں ڈیوٹی پر موجود تھا جہاں اس نے تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی ۔ شہباز کو شدید زخمی حالت میں فوری طبی امداد کے لیے ایمرجنسی میں شفٹ کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز کچھ عرصہ سے گھریلو حالات کی وجہ سے تنگ تھا جس کے باعث اس نے ہسپتال کی تیسری منزل سے کود کر جان دے دی ، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور وارڈ بوائے کی نعش کو قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ خودکشی کرنے والا شخص 2بچوں کا باپ تھا۔