اسلام آباد (نیوزڈیسک) پولیس اہلکار کو تھپڑ ،عدالت نے فیصلہ سنادیا،اسلام آباد کی عدالت نے پولیس اہلکار کو دھکا دینے اورتھپڑ مارنے کے مقدمہ میں سابق چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری اور ان کے بیٹے کی ضمانت منظور کر لی ہے ٗ اس سے قبل وہ عبوری ضمانت پر تھے ۔پولیس اہلکار کو تھپڑ مارنے کے مقدمہ میں سابق چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری اور ان کے بیٹے سید اجرار حسین بخاری اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج راجہ آصف محمود کی عدالت میں پیش ہوئے ۔ گزشتہ سماعت پر دونوں کو 16 مئی تک عبوری ضمانت دی گئی تھی۔نیئر بخاری کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے صدر طارق محمود جہانگیری عدالت میں پیش ہوئے اور ضمانت کنفرم کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ایف ایٹ کچہری میں داخلے کے موقع پر سپیشل برانچ کے پولیس اہلکار کو تلاشی دینے کے بجائے دھکا دینے اور تھپڑ مارنے پر دونوں باپ بیٹے کے خلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج ہے۔ مقدمے کا چالان آنے کے بعد دونوں کے خلاف ٹرائل کا آغاز ہو گا۔