ملتان(آئی این پی)وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی ہدایت پر ان کی صاحبزادی محترمہ مریم نواز آئندہ چندروز میں ملتان کا دورہ کریں گی اور سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی سے ملاقات کریں گی۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر وہ مخدوم جاوید ہاشمی کو وزیراعظم کا پیغام پہنچائیں گی اور انہیں مسلم لیگ(ن)میں شمولیت پرآمادہ کریں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پانامالیکس اور دیگر بحرانوں سے نکلنے کیلئے مسلم لیگ(ن)کی پارٹی قیادت جاوید ہاشمی کی ضرورت محسوس کررہی ہے دوسری طرف ان کی مسلم لیگ(ن)میں شمولیت سے جنوبی پنجاب میں مسلم لیگ(ن)کا گراف مزید بڑھ سکتا ہے۔یادرہے کہ مخدوم جاوید ہاشمی نے لیگی قیادت کی جلاوطنی کے بعد بھی پارٹی کو سنبھالا ۔اس کے علاوہ عمران خان اور ڈاکٹرطاہر القادری کے دھرنے کی مشکل صورتحال میں بھی حکومت کو بحران سے نکالا تھا۔جاوید ہاشمی کے مسلم لیگ(ن)پرکافی احسانات ہیں،مسلم لیگ(ن)میں شمولیت پر انہیں اہم ذمہ داری دئیے جانے کا امکان ہے۔