اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم کے پروٹوکول سٹاف میں شامل سرکاری افسر کی مبینہ طور پر خاتون کے گھر پر گھس کر ہوائی فائرنگ‘ خاتون کے بھائیوں نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا‘ سرکاری افسر کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کردیا گیا‘ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو وزیراعظم کے پروٹوکول سٹاف میں شامل سرکاری افسر نسیم خان نے مبینہ طور پر اسلام آباد کی رہائشی کلثومہ نامی خاتون کے گھر گھسنے کی کوشش کی اور فائرنگ بھی کی جس کے بعد خاتون کے بھائیوں نے پروٹوکول افسر کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ پروٹوکول افسر کو طبی امداد کے لئے پولی کلینک ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پروٹوکول افسر کے خلاف تھانہ بھارہ کہو میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پروٹوکول افسر کی کلثومہ سے فیس بک پر دوستی بھی تھی۔