لاہور(آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر لگنے والے الزامات کے بعد ان کے مالی معاملات کی دیکھ بھال کرنیوالی فرم نے وضاحت جاری کردی ہے اور پی ٹی آئی کو قیادت کولکھے گئے خط میں واضح کیاکہ عمران خان کے تمام مالی معاملات ڈکلیئرڈ ہیں اور اس ضمن میں کبھی بھی محکمہ انکم ٹیکس کی طرف سے کوئی نوٹس نہیں ملا۔ یوسف اسلام ایسوسی ایٹس کے سربراہ کی طرف سے لکھے گئے خط میں واضح کیاگیاکہ فرم 30سال سے عمران خان کے مالی معاملات کی دیکھ بھال کررہی ہے ، عمران خان کے معاملات درست اور شفاف ہیں ۔نگران فرم کے مطابق لندن کا فلیٹ2003میں فروخت ہوااور رقم قانونی ذرائع سے پاکستان لائی گئی ، کرکٹ اور اشتہارات سے حاصل ہونیوالی رقم اور لندن فلیٹ باضابطہ طورپر گوشواروں میں ظاہرکیاگیا،باقاعدگی سے انکم اور ویلتھ ٹیکس گوشوارے جمع کراتے رہے ہیں ۔ یوسف ایسوسی ایٹس کے سربراہ کے مطابق ٹیکس چھپانے اور مالی معاملات کے حوالے سے کبھی محکمہ انکم ٹیکس کی طرف سے کوئی نوٹس نہیں ملا۔