اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن )کی اعلیٰ قیادت نے (آج)پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی اراکین اسمبلی اور وزراء کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے،کسی بھی رکن کی غیر حاضری پر شو کاز نوٹس جاری کیا جائیگا نجی ٹی وی کے مطابق قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کی آمد کے موقع پر حکومتی اراکین کو حاضری یقینی بنانے کے لیے فرداً فرداً رابطے کیے گئے ہیں اور اراکین کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ۔پیر کے روز کسی بھی رکن اسمبلی کی غیر حاضری کی صورت میں اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا جائے گا ۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے آج ( پیر) کے روز قومی اسمبلی میں آمد کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے ۔ سیاسی حلقوں میں یہ بات موضوع بحث ہے کہ آیا وزیر اعظم نواز شریف کے قومی اسمبلی میں آکر پانامہ لیکس پر وضاحت سے حکومت مشکلات سے نکل پائے گی یا نہیں ۔ دوسری طرف وزیر اعظم کی ہدایت پر انکے مشیر ڈاکٹر آصف کرمانی نے آج کے اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کیلئے تمام لیگی اراکین کی ٹیلیفون کئے ہیں۔