لاہور( این این آئی)سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی بازیابی پر مبارکباد دینے آنے والوں کا تیسرے روز بھی تانتا بندھا رہا ،پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری گزشتہ روز بھی ڈیفنس آئے اور علی حیدر گیلانی سمیت خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ وقت گزارا ،صدر مملکت ممنون حسین، سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن ،سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ جمالی سمیت اندرون اور بیرون ممالک سے سیاسی شخصیات ، عزیز و اقارب اور یگر نے یوسف رضا گیلانی کو ٹیلیفون کر کے بیٹے کی بازیابی پر مبارکباد دی ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے مغوی صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی تین سال بعد بازیابی کی خوشی میں ڈیفنس میں واقع گیلانی ہاؤس میں تیسرے روز بھی جشن کا سماں رہا اور پارٹی رہنماؤں سمیت سیاسی شخصیات ،عزیز و اقارب مٹھائیاں لے کر مبارکباد دینے پہنچتے رہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جو علی حیدر گیلانی کے پہلے روز گھر پہنچنے پر مبارکباد دینے انکی رہائشگاہ ڈیفنس آئے تھے گزشتہ روز بلاول ہاؤس سے دوبارہ ڈیفنس آئے جہاں انہوں نے علی حیدر گیلانی اور خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ وقت گزارا ۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم کے سیاسی مشیر جام معشوق علی ،پیپلزپارٹی پنجاب کے سابق صدر میاں منظور وٹو ،انکے صاحبزادے جہانگیر وٹو سمیت دیگر پارٹی رہنمااور سیاسی شخصیات نے بھی گیلانی ہاؤس آ کر یوسف رضا گیلانی اور انکے بازیاب ہونے والے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کو مبارکباد دی ۔ یوسف رضا گیلانی کی رہائشگاہ پر اہم شخصیات کی آمد کے پیش نظر سکیورٹی ہائی انتہائی سخت رہی جبکہ پولیس موبائل بھی پیٹرولنگ کرتی رہی۔صدر مملکت ممنون حسین، سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن ،سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ جمالی، تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین ،شاہ محمود قریشی سمیت دیگر شخصیات نے بھی یوسف رضا گیلانی کو ٹیلیفون کرکے بیٹے کی بازیابی پر مبارکباد دی ۔