کراچی(این این آئی)انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کیس کی سماعت 16 مئی تک ملتوی کر دی ہے ، ڈاکٹر عاصم حسین نے کہاہے کہ بھارت میں جائیداد ثابت ہو جائے تو ایک ملین روپے تحفہ دوں گا ۔ کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت میں ڈاکٹر عاصم حسین کے اسپتال میں دہشت گردوں کے علاج اور پناہ دینے کے معاملے کی جمعرات کو سماعت ہوئی ۔ سماعت کے دوران ڈاکٹر عاصم حسین ، انیس قائم خانی ، قادر پٹیل ، وسیم اختر اور رؤف صدیقی عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت نے غائب ہونے والے 9 بل کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی اجازت دے دی۔ دوران سماعت جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ تفتیشی افسر کی جانبداری ثابت نہیں ہوئی ہے ۔ یہ معاملہ ٹرائل کے دوران دیکھا جائے گا ، عدالت نے مقدمے کی سماعت 16 مئی تک ملتوی کر دی ۔ مقدمے کی سماعت کے دوران ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ بھارت جائیداد کا الزام لگانے والے ثابت بھی کریں ، اگر بھارت میں جائیداد ثابت ہو جائے تو ایک ملین روپے تحفہ میں دے دوں گا ۔