اسلام آباد (این این آئی)سعودی حکومت نے 200ٹن کھجوروں کا تحفہ حکومت پاکستان کے حوالے کردیا ۔جمعرات کو کابینہ ڈویژن کے کمیٹی روم میں سعودی حکومت کی جانب سے کھجوروں کا تحفہ وصول کرنے کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد ہوا ۔حکومت پاکستان کی جانب سے ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ سیکرٹریٹ امیر طارق زمان نے نمائندگی کی جبکہ پاکستان میں تعینات سعودی سفیر عبداللہ الزاہرانی نے سعودی حکومت کی نمائندگی ۔پاکستان اور سعودی عرب کے وزارت خارجہ کے حکام ‘کابینہ ڈویژن کے افسران ‘کنک سلیمان ہیومینیٹیرین ریلیف سینیٹر کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن امیر طارق زمان نے کہا کہ سعودی حکومت کے پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں ‘کسی بھی سانحے اور مشکل وقت میں سعودی حکومت پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے ‘آنے والے وقتوں میں پاکستان اور سعودیہ کے تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ پاکستان میں تعینات سعودی سفیر عبداللہ الزاہرانی نے کہا کہ شاہ عبداللہ کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی 200ٹن کھجوروں کا تحفہ حکومت پاکستان کے حوالے کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ اچھے اور مستحکم تعلقات کا خواہاں رہا ہے ‘دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے ورلڈ فوڈ پرگرام کے تحت اس سے قبل پاکستان کے آئی ڈی پیز میں 400ٹن کھجوریں تقسیم کیں گئیں ہیں،پاکستان میں تعینات سعودی سفیر عبداللہ الزہرانی نے 200ٹن کھجوریں پاکستانی حکام کے حوالے کیں اور اس موقع پر مختلف لوگوں میں کھجوریں بھی تقسیم کیں ۔