اسلام آباد (آن لائن) غیر قانونی طور پر یونان جانے والے 500 سے زائد پاکستانی ترکی میں پھنس گئے ۔متاثرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہم عذاب میں ہیں کئی دن سے بیمار اور بھوکے ہیں جلد یہاں سے نکالا جائے ۔ تفصیلات کے مطابق یونان میں غیر قانونی طور پر جانے والے 500 سے زائد پاکستانی شہری ترکی میں پھنس گئے تمام افراد غیر قانونی طور پر یونان سے براستہ یورپ جانا چاہتے تھے لیکن یونان میں پکڑے جانے پر انہیں بے دخل کر کے ترکی بھیجا گیا جہاں وہ دو ماہ سے ترک حکام کے قبضے میں ہے پھنسے ہوئے افراد نے اپنے گھر فون کرکے بتایا کہ وہ حکومت پاکستان سے اپیل کریں کہ انہیں جلد یہاں سے نکال کر پاکستان لے جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم شدید تکلیف اور عذاب کی حالت میں ہیں اور کئی روز سے بھوکے ہیں ہم پانچ ، پانچ لاکھ روپے خرچ کر کے آئے تھے ہم نے ترک حکام کو اپنے شناختی کارڈ نمبر بھی دیئے تھے لیکن ابھی تک جواب نہیں آیا انہوں نے مزید کہا کہ ترک حکام کو پوچھنے پر بتایا کہ پاکستانی حکام آپ کو واپس نہیں لے رہی ہے واضح رہے کہ ترکی میں پھنسے ہوئے افراد کا تعلق سیالکوٹ ، لاہور ، گجرات اور گوجرانوالہ سے ہے ۔