واشنگٹن (این این آئی)پینٹاگون نے کہاہے کہ امریکہ کی اسپیشل فورسز اور افغان کمانڈوز نے ا?پریشن کے ذریعے علی حیدر گیلانی کو بازیابی کیا، جبکہ آپریشن کے دوران چار دہشتگرد بھی مارے گئے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پنٹاگون سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ سابق پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے کو افغانستان کے صوبے پکتیکا کے ضلع گیان میں ایک آپریشن کے ذریعے بازیاب کروایا گیا ہے۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلہ میں چار دہشتگرد ہلاک بھی ہوئے، جبکہ علی حیدر گیلانی کو بحفاظت کابل منتقل کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ علی حیدر گیلانی کو 2013کے عام انتخابات کے سلسلے میں منعقدہ انتخابی مہم میں شرکت کے بعد گھر جاتے ہوئے نامعلوم افراد اغوا کرکے لے گئے تھے، جبکہ دو ماہ قبل سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صاحبزادے شہباز تاثیر کو بلوچستان کے نواحی علاقے سے بازیاب کیا گیاتھا۔ انہیں دوہزار گیارہ میں نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا۔