اسلام آباد (این این آئی)وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر پرویزرشیدنے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف پاناماپیپرز کے بارے میں پارلیمنٹ میں حقائق پیش کریں گے ٗبعض لوگ سیاسی فائدہ حاصل کر نے کیلئے بیہودہ ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں ٗ بلاول بھٹو زرداری سیاسی طورپرنابالغ اور ملک کی سیاسی تاریخ سے ناواقف ہیں ٗ قومی احتساب بیورو ایک خود مختار ادارہ ہے ٗکوئی شخص اس کی کارروائی میں مداخلت نہیں کرسکتا۔ تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نہ پاکستان کی سیاست سے اورنہ ہی پاکستان کی تاریخ سے واقف ہیں حتیٰ کہ وہ اپنی والدہ محترمہ اوراپنے نانا کی تاریخ سے بھی ناواقف ہیں، اس لئے ان کی باتوں کو زیادہ اہمیت نہیں دیتے۔ انہوں نے کہاکہ ان کے نانا کی پھانسی پرجس شخص نے مٹھائی تقسیم کی اورکریڈٹ لیا بلاول ان کے مداح ہیں اور ان ہی کی زبان استعمال کر رہے ہیں،اس لیے بلاول کی بات ایک کان سے سن کردوسرے کان سے نکال دیتے ہیں۔وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات کا انتظار کرنے والے آج ان پر الزام تراشی کررہے ہیں، ایسے لوگ نا جانے کب جھوٹ بولنا بند کریں گے تاہم ہم اپنا سچ پارلیمنٹ میں ضرور بتائیں گے۔ بعد ازاں ایک انٹرویو میں وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ حکومت ترجیحی بنیادپر بلوچستان میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کے آغاز سے صوبے کے لوگوں کا احساس محرومی ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے ٗانہوں نے کہا کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کے نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں اور ٹیکس وصولی میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ٗانہوں نے کہاکہ حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قومی احتساب بیورو ایک خود مختار ادارہ ہے اور کوئی شخص اس کی کارروائی میں مداخلت نہیں کرسکتا۔پرویز رشید نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف کا نام پانامہ پیپرز میں نہیں ہے مگر انہوں نے خود کواحتساب کیلئے پیش کردیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم خیبرپختونخوا کے عوام کی خدمت کے لئے صوبے کا دورہ کررہے ہیں کیونکہ تحریک انصاف نے صوبے میں اپنے تین سالہ دور حکومت کے دوران کچھ نہیں کیا۔