اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت کے بعد اتحادی جماعتوں نے بھی اپوزیشن کے ٹی او آرزپر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مسترد کردیا، اپوزیشن کے ٹی او آرز آئین و قانون سے متصادم قرار،پانامہ لیکس کے معاملے پر بات چیت اور ٹی او آوزکی تیاری کیلئے اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے اتحادی جماعتوں پر مشتمل کمیٹی قائم کرکے اپوزیشن سے جلد رابطے شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے، اتحادی جماعتوں کی کمیٹی اپوزیشن جماعتوں کومشترکہ ٹی او آرزبنانے پر آمادہ اورموجودہ سیاسی صورتحال میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے کیلئے کام کرے گی،وزیراعظم کا اتحادی جماعتوں کے فیصلے کا خیر مقدم ۔ہفتہ کو وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اپوزیشن کے ٹی او آرز پر غور کیلئے حکومتی اتحادی جماعتوں کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا۔اجلاس میں حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کے سربراہان جن میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی، نیشنل پارٹی کے میر حاصل خان بزنجو، جمعیت اہل حدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر، مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ اعجاز الحق جبکہ حکومت کی جانب سے وفاقی وزراء وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان ، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر قانون و انصاف زاہد حامد، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹرپرویز رشید، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کمیشن کے ٹی او آرز پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں حکومت نے پانامہ لیکس کے معاملے پر بات چیت اور ٹی او آوزکی تیاری کیلئے اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے تمام اتحادی جماعتوں پر مشتمل کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں سے فوری فوری رابطوں کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق کمیٹی اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کر کے مشترکہ ٹی او آرزبنانے پر آمادہ اورموجودہ سیاسی صورتحال میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے کیلئے کام کرے گی ۔اجلاس کے دوران اتحادی جماعتوں نے بھی اپوزیشن کے ٹرم آف ریفرنسز پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مسترد کر دیا اور کہا کہ اپوزیشن کے ٹی او آرز آئین و قانون سے متصادم ہیں۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اتحادی جماعتوں نے بھی اپوزیشن کے ٹی او آرز کو مسترد کر دیا، پہلے دن سے ہی پانامہ لیکس کی تحقیقات کا فیصلہ کرلیا تھا، اپوزیشن کے کہنے پر ریٹائرڈ جج کے بعد چیف جسٹس کو خط لکھا، اپوزیشن نے ٹی او آرز نہیں بلکہ یک طرفہ فیصلہ دیا ہے۔(اح)