ایبٹ آباد(آن لائن) عنبرین کے قاتل جرگوئی دو دیگرلڑکیوں کے بھی مبینہ قاتل نکلے۔ اس ضمن میں پولیس ذرائع نے بتایاکہ گاؤں مکول پائیں میں سترہ سالہ عنبرین کے قتل کا فیصلہ سنانے اور اس پر عملدرآمد کرنے والے علاقہ کے پندرہ جرگہ ممبران کو گرفتار کرکے سی ٹی ڈی کے حوالے کیاگیاہے۔ جن کا سات روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کرلیاگیاہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گاؤں مکول پائیں میں کچھ عرصہ قبل دوگھرسے فرار ہونے والی لڑکیوں کو قتل کیاگیاتھا۔ ان لڑکیوں کے قتل کی تفتیش بھی گرفتارہونے والے جرگہ ممبران سے کی جارہی ہے۔ اس حوالے سے بھی آئندہ چند روز میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق قتل سے قبل عنبرین کیساتھ جنسی زیادتی نہیں کی گئی تھی۔ بے ہوشی کے دوا دینے کے بعد اس کا گلاگھونٹ کر اسے قتل کیاگیا۔ اور بعدازاں سوزوکی کیری میں اس کی نعش رکھ کر گاڑی کو جلا دیاگیاتھا۔