لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے لاہور جلسے کے دوران خواتین سے بدسلوکی کی وجوہاتی رپورٹ وزیر اعظم نواز شریف کو ارسال کر دی گئی جس میں لاہور پولیس کی خاتون ایس پی عمارہ اطہر کی غفلت کی نشاندہی کرتے ہوئے انکوائری کی سفارش کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے پی ٹی آئی کے لاہور جلسے کے دوران خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کر کے واقعے کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا ۔ جس پر گزشتہ روز وزیر اعظم نواز شریف کو خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی وجوہاتی رپورٹ ارسال کر دی گئی ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی جلسہ میں خواتین سے بدتمیزی کے واقعہ کی ذمہ دار لاہور پو لیس کی ایس پی عمارہ اطہر ہے کیونکہ ایس پی عما رہ اطہر کو خواتین کی سکیورٹی کو ہر لحاظ سے یقینی بنانے کیلئے خواتین کے پنڈال میں تعینات کیا گیا تھا لیکن عمارہ اطہر جلسہ ختم ہونے سے قبل ہی پنڈال سے غائب ہو گئیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں خاتون ایس پی کی غفلت کی نشاندہی کر تے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایس پی عمارہ اطہر کے جانے کے بعد پولیس کی دیگر خواتین اہلکار بھی جلسہ گاہ سے جانا شروع ہو گئیں جس کے باعث بدنظمی کو کنٹرول نہیں کیا جا سکا ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کو ارسال کی گئی رپورٹ میں ایس پی عمارہ اطہر خلاف انکوائری کی سفارش بھی کی گئی ہے ۔