اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی حلقہ بندیوں کے مطابق انٹراپارٹی الیکشن کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ ان انتخابات میں اووسیز پاکستانیوں کو بھی ووٹ دینے کا حق دیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سینیٹر نعمان وزیر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن تحریک انصاف کا اجلاس ہوا جس میں انٹراپارٹی انتخابات الیکشن کمیشن کی حلقہ بندیوں کے مطابق کروانے کا فیصلہ کیا گیا جن کے تحت میونسپل کمیٹی، میونسپل کارپوریشن، یونین کونسلز اور وارڈز میں بھی الیکشن ہوں گے جبکہ ان انتخابات کا شیڈول ماہ رمضان کے بعد دو ہفتوں کے اندر جولائی کے مہینے میں جاری کیا جائیگا۔تحریک انصاف کے ترجمان نے بتایاکہ خیبرپختونخوا میں ولیج کونسلز اورنیبر ہڈکونسلزکی سطح تک انتخابات کرائے جائیں گے ٗ اوورسیز پاکستانیوں کو بھی ووٹ کا حق دینے کافیصلہ کیا گیا ہے اور پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلی دفعہ ہو رہا ہے کہ کوئی سیاسی پارٹی اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن میں ووٹنگ کا عمل الیکٹرانک ہو گا جس کے باعث اووسیز پاکستانی بھی موبائل فونز کے ذریعے ووٹنگ میں حصہ لے سکیں گے تاہم اگر روائتی پرچی سسٹم کا انتخاب کیا جاتا تو پھر اووسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کے عمل میں شامل نہیں کیا جا سکتا تھا۔