لاہور(نیوزڈیسک) لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس ،تمام میئرز کے انتخاب پر تلوار لٹک گئی،درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا کہ میئر کے انتخاب کے لئے خفیہ رائے شماری ختم کر دی گئی جو آئین کے منافی ہے، لاہور ہائیکورٹ میں لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس کے خلاف تمام درخواستوں کی سماعت 25 مئی تک ملتوی کردی ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے پیپلز پارٹی، تحریک انصاف سمیت متعدد درخواستوں پر سماعت کی۔درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا کہ میئر کے انتخاب کے لئے خفیہ رائے شماری ختم کر دی گئی جو آئین کے منافی ہے۔آئین کے تحت کسی آزاد امیدوار کو کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کے لیے مجبور نہیں کیا جاسکتا، انتخابات کا شیڈول جاری ہونے کے بعد کسی آرڈیننس کے ذریعے تبدیلی نہیں کی جاسکتی۔لہٰذا پنجاب لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس کو کالعدم قرار دیا جائے۔ درخواست گزار مبین قاضی نے عدالت سے استدعا کی کہ لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس سے متعلق سپریم کورٹ کی جانب سے تفصیلی فیصلہ جاری کیے جانے تک سماعت ملتوی کی جائے جس پر عدالت کیس کی مزید سماعت 25مئی تک ملتوی کردی۔