لاہور (نیوزڈیسک) اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کی لاگت کے حوالے سے غلط اعداد و شمار ظاہر کرنے اور منصوبے میں حفاظتی اقدامات نظر انداز کرنے کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔جو ڈیشل ایکٹو ازم پینل کی طرف سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہحکومت پنجاب نے اورنج ٹرین منصوبے کی لاگت سے متعلق تفصیلات عدالت میں پیش کرنے کی بجائے اشتہاری مہم شروع کررکھی ہے جو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی اور عدلیہ سے مذاق کے مترادف ہے۔ اورنج ٹرین منصوبے کی لاگت سے متعلق پنجاب حکومت اشتہارات کے ذریعے قوم کو غلط اعداد و شمار بتا رہی ہے، حکومت ان اشتہارات میں ظاہر کر رہی ہے کہ منصوبے میں 78 کروڑ روپے کی بچت کی گئی جو حقائق کے برعکس اور جھوٹ پر مبنی ہے۔درخواسست میں موقف اپنایا گیا کہ منصوبہ کی تعمیر میں حفاظتی انتظامات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے جس سے نہ صرف کئی اموات ہو چکی ہیں بلکہ دھول اورمٹی سے بیماریاں پھیل رہی ہیں اور ماحولیاتی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی جائے۔