اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہاہے کہ وزیر اعظم اپنے سیاسی جلسوں میں اپوزیشن کے خلاف نامناسب الفاظ استعمال کرتے ہیں اس طرح کا طرز گفتگو انہیں زیب نہیں دیتا وزیر اعظم کو جذباتی نہیں ہونا چاہئے پانامہ لیکس اپوزیشن نے نہیں بلکہ عالمی اداروں نے اٹھایا رحمان ملک سمیت تمام 200 افراد کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہئیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سیاسی جلسوں میں وزیر اعظم اپوزیشن کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہیں اس طرح کا طرز گفتگو انہیں زیب نہیں دیتا ایسی گفتگو اپوزیشن کے فائدے میں جائے گی ۔ عوام میں وزیر اعظم کی تقریر کا صحیح تاثر نہیں گیا وزیر اعظم کو جذباتی ہونے کی بجائے صبر کا دامن تھام لینا چاہئے پانامہ لیکس کے الزامات پر 2 ممالک کے وزراء اعظم استعفیٰ دے چکے ہیں جبکہ تیسرے وزیر اعظم استعفیٰ دینے کی تیاری کر رہے ہیں ۔پانامہ لیکس کو عالمی اداروں نے اٹھایا اور نواز شریف کا نام بھی انہوں نے شامل کئے یہ کوئی اپوزیشن نے نہیں کیا ہے صاف شفاف اور آزادانہ تحقیقات سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گا انہوں نے مزید کہا کہ رحمان ملک پانامہ لیکس الزامات کی تردید کر چکے ہیں لیکن رحمان ملک سمیت تمام لوگوں کے حوالے سے تحقیقات ہونی چاہئیں جن کے نام آف شور کمپنیوں میں ہیں ۔