اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے ہم نے جامع ٹی اوآرز بنائے ہیں،ہم نے کمیشن پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں لگائی کمیشن چاہے تو تین منٹ میں کام مکمل کر لے۔منگل کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ہم نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے جامع ضابطہ کار بنایا ہے جس پر کسی کو بھی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تحقیقاتی کمیشن پر وقت کی کوئی پابندی نہیں لگائی کمیشن چاہے تو تین منٹ میں کام مکمل کر لے میں کمیشن کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا کہ وہ کام کو کتنے دن میں مکمل کرے ہم چاہتے ہیں کہ اللہ کرے ہماری جان تین منٹ میں چھوٹ جائے کیونکہ ہم پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں اور اپوزیشن بھی کمیشن کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن ہم سے جو سوال پوچھے گا اس کا جواب کمیشن کے سامنے دیں گے یہ نہیں ہو سکتا کہ ہم سے ایک سوال پوچھا جائے اور وہی سوال دوسروں سے نہ پوچھا جائے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ چیف جسٹس کے سامنے سب کو بیان حلفی دینا ہوگا اور ان کے سامنے کوئی بھی بیان حلفی دینے سے انکار نہیں کر سکتا۔