اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سپریم کورٹ نے کرپشن کے ایک مقدمہ میںنیب کی درخواست پر پنجاب پولیس میں بھرتی ہو نے کے بعد کروڑوں روپے کے اثاثے بنانے والے اہلکار احمد علی گورایہ کو نوٹس جاری کردیا۔ منگل کوجسٹس شیخ عظمت سعید کی سر براہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پرنیب کے وکیل نعیم طارق نے پیش ہوکر عدالت کو بتایا کہ ملزم احمد علی گورایہ 1986ءمیں پنجاب پولیس میں سپاہی بھرتی ہوا تھا،جہاں ملزم نے کرپشن کرتے ہوئے کروڑوں روپے کے اثاثے بنائے اورپھر لاہور کی بہترین جگہوں ہر جائیدادیں خریدلیں۔ فاضل وکیل نے کہاکہ کیس کے باوجود لاہور ہائی کورٹ نے ملزم کو ضمانت پر رہا کردیا ہے، اسلئے ہماری استدعاہے کہ اس معاملہ کی تحقیقات کرنے کیلئے ملزم کی ضمانت منسوخ کی جائے جس پرجسٹس شیخ عظمت سعید نے ان سے کہا کہ ملزم کی تقرری پنجاب پولیس میں ہوئی تھی، کیا پنجاب پولیس نے نوٹس نہیں لیا۔ بعد ازاں عدالت نے نیب کی درخواست پر ملزم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی۔