لاہور (نیوزڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو نااہل قرار دینے کی درخواست میں نوٹسز وصول نہ کرنے پر ایم این اے کی اطلاع کیلئے اخباری اشتہار جاری کرنے کا حکم دیدیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فرخ عرفان خان نے کیس کی سماعت کی ۔ درخواست گزار حلقہ این اے 178سے ووٹرفاروق خان کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ نے جمشید دستی کو جعلی ڈگری کی بنیاد پر نااہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمشید دستی صادق اور امین نہیں ہیں اور آئین کے آرٹیکل 62اور 63پر پورا نہیں اترتے، عام انتخابات کے وقت ریٹرننگ افسر کے روبرو بھی یہ اعتراض اٹھایا گیا لیکن ان کا اعتراض مسترد کرتے ہوئے جمشید دستی کو انتخاب لڑنے کی اجازت دی گئی۔ہائیکورٹ نے جمشید دستی کو نااہلی کی درخواست میں نوٹس بھجوایا تھا تاہم جمشید دستی نے نوٹس وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے، ایسی صورتحال میں اخباری اشتہار جاری کیا جا سکتا ہے تاکہ دوسرے فریق کو عدالتی کارروائی سے متعلق اطلاع ہو سکے ۔ جس پر عدالت نے رجسٹرار آفس کو جمشید دستی کے نام اخبار اشتہار جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت چھبیس مئی تک ملتوی کر دی ۔