اسلام آباد (نیوزڈیسک) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ رواں سال کراچی سمیت سندھ کے جنوبی علاقوں میں اچھی بارشیں ہونے کا امکان ہے تاہم درجہ حرارت مئی اور جون میں معمول سے زیادہ ہو سکتا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمے نے کہاکہ جس قسم کی گرمی کی لہر گذشتہ سال تھی رواں سال اس کا امکان نظر نہیں آتا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گرمی کی پہلی لہر 22 اپریل سے 26 اپریل تک آئی جس میں مقامی میڈیا کے مطابق ہیٹ سٹروک کی وجہ سے ایک شخص جاں بحق اور دو درجن کے قریب بے ہوش ہوئے۔گزشتہ سال سمندری ہوائیں چلنا بند ہوگئی تھیں جس کے نتیجے میں درجہ حرارت 43 ڈگری سے بھی تجاوز کر گیا تاہم اس سے پیدا ہونے والی گھٹن، حبس اور گرمی میں پندرہ سو سے زائد افراد ہیٹ سٹروک کا شکار ہوئے اور ان کی موت واقع ہوئی۔محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ محمد حفیف کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں گزشتہ تین سالوں سے معمول سے انتہائی کم بارشیں ہوئی تھیں تاہم اس سال جنوبی علاقوں میں اچھی بارشوں کے امکانات موجود ہیں۔دو کروڑ کی آبادی والے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گزشتہ سال گرمی میں بڑی تعداد میں اضافے اور ہسپتالوں، سرد خانوں میں دیگر سہولیات میں کمی کی وجہ سے حکومت کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا ٗرواں سال صوبائی اور شہری سطح پر حکام اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے کئی اجلاس منعقد کرا چکے ہیں۔