اسلام آباد(نیوز ڈیسک) آئی جی اسلام آباد کے عہدے کیلئے وزیراعظم نے آر پی او ملتان طارق مسعود یٰسین کا نام فائنل کردیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق آئندہ چند روز میں طارق مسعود یٰسین کو ایڈیشنل آئی جی کے عہدے پر ترقی دیکر آئی جی اسلام آباد مقررکیا جائے گا ۔ وفاقی دارالحکومت میں مذہبی رہنماؤں کے چار روزہ دھرنے نے وزیراعظم کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کیا ہے ۔ اس سے پہلے خالد خٹک قائم مقام آ ئی جی کے طور پر کام کررہے ہیں اور عمران خان کے 126 روزہ دھرنے کے دوران خالد خٹک عارضہ قلب میں بھی مبتلا ہوگئے تھے ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ مشکل حالات میں وہ گھبرا جاتے ہیں ۔ وزیراعظم کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی طرف سے آر پی او ملتان طارق مسعود یٰسین کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ وہ آئی جی اسلام آباد کیلئے بہتر امیدوار ہیں جس کے بعد ان کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔