اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کل ایک تھے، آج دو ہو گئے، قیادت بدلی، پارٹی بدلی اور پھر دل بھی بدل گئے ،میرپور خاص میں مصطفی کمال کے حامیوں اور مخالفین میں ہاتھا پائی۔ تفصیلات کے مطابق میرپور خاص میں مصطفی کمال نے ایک تقریب سے خطاب کرنا تھا جس کیلئے وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ جب حمید پورہ کالونی پہنچے تو گاڑی کو روکا گیا اور گاڑی پر پتھراؤ کیا گیا۔ جس کے باعث ان کے حامیوں اور مخالفین میں جھڑپ ہوئی جس سے کئی لوگوں کے کپڑے پھٹ گئے اور مصطفی کمال کی شرٹ کے بٹن بھی ٹوٹ گئے۔ ٹنڈو الہ یار میں ایم کیو ایم اور پاک سرزمین پارٹی کے کارکنوں کی لڑائی میں تھپڑ، لاتیں اور مکے سب چل گئے۔ پاک سرزمین پارٹی کے رہنماء مصطفیٰ کمال ساتھیوں کے ہمراہ گزر رہے تھے کہ استقبال کے لئے آئے حامیوں کا متحدہ کے کارکنوں سے سامنا ہو گیا۔ پہلے نعرے بازی ہوئی، پھر نوبت لڑائی تک پہنچ گئی۔ علاقے کے معززین نے بیچ بچاؤ کرایا جس کے بعد پاک سرزمین پارٹی کا قافلہ روانہ ہو گیا۔