اسلام آباد(نیوز ڈیسک) قطر کی حکومت نے پاکستان میں بجلی کی پیداوار کے دو منصوبے قائم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بجلی کی پیداوار کے نئے منصوبوں سے پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔ پاکستان میں قطر کے سفیر سکر بن مبارک المنصوری نے کہا کہ چین اور قطر کی کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے کے چار منصوبوں پر کام کر رہی ہیں ٗ بجلی کی پیداوار کے نئے منصوبوں سے پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی روابط کے فروغ کے لئے کام کر رہا ہے جس سے دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔