اسلام آباد (نیوز ڈیسک) قومی اور صوبائی اسمبلی کے ممبران کو آئندہ بجٹ سے ترقیاتی کاموں کے لئے صوابدیدی فنڈز دینے کا سلسلہ بند کیا جا رہا ہے۔ حکومت نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرا دی۔تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں موجود ارکان نے امید ظاہر کی ہے کہ آئی ایم ایف قرض پروگرام کے حوالے سے باقی رہ جانے والے دو معاشی جائزے بھی کامیابی سے مکمل کر لئے جائیں گے، جس کے بعد عالمی مالیاتی ادارے سے پھر کسی نئے قرض کے لئے رجوع نہیں کیا جائے گا۔سال 2013 میں حکومت نے آئی ایم ایف سے 6.6 ارب ڈالر قرض کی منظوری حاصل کی تھی جو طے شدہ معاشی اہداف پورے ہونے پر آئی ایم ایف قسطوں میں جاری کرتا ہے۔ حکومت نے معاشی اصلاحات کے حوالے سے آئی ایم ایف کو ٹیکس آمدن بڑھانے اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے صوبائی اور قومی اسمبلی کے ممبران کے لئے صوابدیدی فنڈز کا سلسلہ بند کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔