اسلام آباد(نیوزڈیسک)آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل اور جنرل(ر)پرویزمشرف کے ترجمان ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ احمد رضا قصوری کے اس دعوے میں کوئی صداقت نہیں کہ جنرل(ر)پرویز مشرف نے حکومت سے ڈیل کے نتیجے میںبیرون ملک سفر کیا۔حقیقت یہ ہے کہ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکانے کا حکم سپریم کورٹ نے دیا اور حکومت نے اس کی تعمیل کی۔احمد رضا قصوری سے پرویز مشرف کا اس وقت رابطہ ہے اور نہ ہی انہوں نے روانگی سے قبل ان کو فون کیا۔اتوار کو ڈاکٹر محمد امجد نے پارٹی کے مرکزی شعبہ اطلاعات کو ٹیلی فون پر بتایا کہ ان کی پرویز مشرف سے احمد رضا قصوری کی طرف سے میڈیا کو دئےے گئے بیان پربات ہوئی تو پرویز مشرف نے اس بات کی سختی سے تردید کی کہ دوبئی روانگی کی رات ان کا رابطہ احمد رضا قصوری سے ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ احمد رضا قصوری کا یہ بیان سراسر جھوٹ پر مبنی ہے کہ پرویز مشرف نے انہیں بتایا کہ وہ حکومت سے ڈیل کر کے بیرون ملک روانہ ہورہے ہیں۔پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ سپریم کورٹ نے کیا تھا انہیں کسی سے ڈیل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ ڈاکتر محمد امجد نے واضح کیا کہ اس وقت احمد رضا قصوری کے پاس نہ تو پارٹی کا کوئی عہدہ ہے اور نہ ہی وہ پرویز مشرف کے ترجمان ہیں۔