کراچی(نیوزڈیسک) ایم کیو ایم کے سابق رہنما انیس قائم خانی نے کہا ہے کہ جلد حیدرآباد میں بھی پارٹی کا دفتر قائم کیا جائے گا ، دفتر کیلئے حیدرآباد میںکرائے پر جگہ بھی لے لی گئی ہے۔کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انیس قائم خانی نے بتایا کہ پارٹی رہنما آئندہ ہفتے حیدرآباد جارہے ہیں، آئندہ ہفتے حیدرآباد میں پارٹی کے مرکزی دفتر کا افتتاح کیا جائیگا، پارٹی رہنما اندرون سندھ سمیت دیگر صوبوں کا بھی دورہ کریں گے۔انیس قائم خانی نے انکشاف کیا کہ وہ مزید وکٹیں بھی گرائیں گے اور مسائل پر بھی بات کرینگے، ان کی ہر پریس کانفرنس میں وکٹ نہیں گریگی، انکی پارٹی اپریل کے وسط میں جلسہ کرے گی اور 23 مارچ کو پارٹی کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔ایک سوال پر انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ وہ گورنر سندھ کی بڑی عزت کرتے ہیں، وہ گورنر صاحب سے رابطے میں ہوتے تو گورنر ہمارے درمیان ہوتے، ڈھائی سال سے گورنر سے کوئی رابطہ نہیں ہواہے۔