اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکمرا ن جما عت مسلم لیگ (ن )کے مخالف سیاسی جماعتوں کے سربراہان بھارت میں اکٹھے ہونے لگے ۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری پہلے سے بھارت میں موجود ، عمران خان چارٹر طیارے کے ذریعے کلکتہپہنچے ہیں جبکہ حکومت مخالف سیاسی جماعت عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی بھارت روانہ ہو گئے ۔تینوں سیاسی جماعتوں کے سربراہان کے درمیان محدود وقت کی ملاقات ہونے کا امکان ہے ذرائع نے آن لائن کو بتایا ہے کہ تینوں سیاسی جماعتوں کے سربراہان بظاہر اپنے اپنے پروگرام اور شیڈول کے ذریعے بھارت پہنچے ہیں ڈاکٹر طاہر القادری انٹرنیشنل صوفی کانفرنس میں شرکت کے لئے نئی دہلی میں موجود ہیں جہاں آج ہفتے کو صوفی کانفرنس سے خطاب کریں گے اور بعدازاں ان کے کلکتہ روانہ ہونے کا امکان ہے جبکہ دوسری جانب تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پاک بھارت میچ دیکھنے کلکتہ پہنچے ہیں اور اب شیخ رشید بھی کلکتہ کے لئے سفر پر روانہہوچکے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں رہنماﺅں کے درمیان کلکتہ کے ایک نجی ریسٹورنٹ میں ملاقات کا امکان ہے جس میں سابق صدر پرویز مشرف کی دبئی روانگی دیگر سیاسی اور ملک کے معاشی حالات پر تبادلہ خیال ہو گا ۔