کراچی (نیوزڈیسک) حساس اداروں نے انٹرپول کے ہمراہ شارجہ میں کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت کے عسکری ونگ سے تعلق رکھنے والے اہم کمانڈر سعید عرف بھرم کو 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ سعید بھرم کی گرفتاری شارجہ کے ایک شوروم سے عمل میں آئی ہے۔ سعید بھرم کے ساتھ اس کے 2 ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق سعید بھرم بم دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغواءبرائے تاوان، پولیس مقابلوں اور اقدام قتل کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم سعید بھرم عرصہ دراز سے جنوبی افریقہ، دبئی اور شارجہ میں روپوش رہا۔ پولیس کے مطابق ملزم دبئی میں بیٹھ کر سیاسی جماعت کا ٹارگٹ کلنگ نیٹ ورک بھی چلاتا رہا ہے۔ حساس اداروں کے مطابق سعید بھرم کو آئندہ چند روز میں پاکستان منتقل کردیا جائے گا۔