اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیرِداخلہ کے سخت حکم کے بعد سالہا سال سے اپنی رہائش گاہوں کے کوائف نہ دینے والے تمام غیر ملکیوں نے اسلام آباد پولیس کو اپنے کوائف جمع کرا دیے،گزشتہ روزوزیرِداخلہ نے اجلاس میں ان غیر ملکیوں کو اپنی 303رہائشگاہوں کے کوائف 24گھنٹوں میں پولیس کو دینے کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گذشتہ روز ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کوائف نہ دینے والے گھروں کے داخلی اور خارجی راستوں کوآج شام چھ بجے سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ حتمی وقت سے دو گھنٹے پہلے غیر ملکی رہائشیوں نے جن میں اکثریت سفارت کار وں پر مشتمل ہے نے اسلام آباد پولیس کو اپنے کوائف مہیا کر دئے۔ بیان کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی یقینی بنانے کےلئے گذشتہ ڈیڑھ سال سے وزارتِ داخلہ اسلام آباد میں رہائش پذیر لوگوں کے کوائف جمع کررہی ہے۔