فیصل آباد/لاہور(نیوزڈیسک)صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ حقوق نسواں بل صرف میاں بیوی کے تعلق تک محدود نہیں بلکہ یہ ہر اس عورت کے لئے ہے جس پر ظلم ہوا ہے، علمائے دین سے مشاورت کے بعد حقوق نسواں بل میں ترمیم کی جائے گی،مولانا فضل الرحمن لوگوں کو جاہ وجلال دکھانے کے لئے بیانات دیتے ہیں ویسے وہ گھر میں تابعدار شوہر ہیں ،چوہدری پرویز الٰہی وزیراعلی شہباز شریف سے حسد میں جلتے رہیں گے، وہ جو خواب دیکھ رہے ہیں وہ کبھی پورے نہیں ہوں گے،پنجاب بینک سکینڈل میںچوہدری پرویز الٰہی کو ہتھکڑیاں لگ سکتی ہیں۔ فیصل آباد میں میڈیا اور نجی ٹی و ی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کیا عورتوں کے چہروں پر تیزاب پھینکا جانا چاہیے، کیا خواتین کی ہڈیاں توڑی جانی چاہئیں،اس قسم کے مسائل کی روک تھام کے لیے ہی ویمن پروٹیکشن بل لایا گیا ہے اورجو بھی اس بل کی خلاف ورزی کرے گا وہ قانونی شکنجے میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ علمائے دین سے مشاورت کے بعد حقوق نسواں بل میں ترمیم کی جائے گی اس کے لئے وزیر اعلیٰ نے کمیٹی قائم کر دی ہے جو علماءکے تحفظات کا جائزہ لے گی ۔وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے حسد میں جلتے رہیں گے، وہ جو خواب دیکھ رہے ہیں وہ کبھی پورے نہیں ہوں گے۔ نیب پنجاب میں متحرک ہے، وہ نیب کوخود انکوائری کی دعوت دے رہے ہیں۔ نیب پنجاب بینک اسکینڈل پر بھی کام کرے گی، پنجاب بینک میں 50 ارب کا فراڈ پرویزالٰہی کے کہنے پر ہوا، اس اسکینڈل میں چوہدری پرویز الٰہی کو ہتھکڑیاں لگ سکتی ہیں۔ ایم کیو ایم کے رہنماﺅں کی بغاوت کے حوالے سے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ حکومت کو کراچی کا امن عزیز ہے چاہے وہ ایم کیو ایم کی صفائی سے ہو یا کچرے کی صفائی سے ہو۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب کے وزیرقانون راناثنااللہ کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن گھر میں تابعدار شوہر ہیں، تحفظ نسواں قانون میں ترمیم کرکے مولانا کو کڑے سے مستثنیٰقرار دیں گے ۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن لوگوں کو جاہ وجلال دکھانے کےلئے بیانات دیتے ہیں ویسے وہ گھر میں تابعدار شوہر ہیں۔