اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) حکومت نے آج پی آئی اے کو لمیٹڈ کمپنی بنانے کے بل کی منظوری کےلیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ بل قومی اسمبلی سے پاس ہوچکا ہے لیکن ایوان بالا (سینیٹ) نے اسے مسترد کر دیا تھا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران بھی اپوزیشن نے اس کی مخالفت کی تھی لیکن حکومت نے اپنی عددی اکثریت کی بنیاد پر اسے منظور کرالیا تھا سینٹ میں اپوزیشن کی عددی اکثریت کی وجہ سے یہ مسترد ہوا تو حکومت کے پاس پارلیمنٹ کا مشتر کہ اجلاس بلانے کے سواکوئی چارہ نہیں رہ گیا تھا۔ آرڈر آف دا ڈے کے مطابق کابینہ سیکرٹریٹ کے انچار ج وزیر آفتاب احمد ضابطہ 154کی ذیلی شق7کے تحت ایک تحریک پیش کریں گے جس میں کہا جائے گاکہ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلاین کارپوریشن (تبدیلی )بل 2016جو قومی اسمبلی سے پاس ہوچکا ہے اور سینیٹ سے مسترد ہوچکا ہے جنگ رپورٹر احمد حسن کے مطابق مزید غور کےلیے پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن کے حوالے کیاجاتا ہے ۔