کراچی(نیوز ڈیسک )سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق درخشاں کے علاقے ڈیفنس فیز 7میں رہائش پذیر متحدہ کے سابق سٹی ناظم سید مصطفیٰ کمال کی رہائش گاہ کے باہر جمعرات کی سہ پہر اچانک گولی چلنے کی اواز سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جس پر گھر کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکا رو ں نے فوری طور پر سادہ لباس مسلح شخص کو حراست میں لینے کے بعد تھانے منتقل کردیا۔پولیس نے بتایا کہ زیر حراست شخص سید جاوید شاہ پولیس اہلکار ہے اور سکھر میں تعینات ہے جبکہ اہلکار چھٹی پر گھر آیا ہوا تھا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ اہلکار نے بیان دیا ہے کہ پستول میں گولی لوڈ کر رہا تھا کہ اتفاقی طور پر چل گئی تاہم تفتیش کے بعد ہی معاملہ سمجھ آئے گا۔