اسلام آباد(نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شمالی بلوچستان سمیت خیبرپختونخوا، فاٹا، بالائی پنجاب، اسلام آباد اور کشمیر میں مزیدبارش کاامکان ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، ڈیرہ غازی خان ،کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے،پشاور او ر ملک کے دیگر شہروں میں رات گئے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی ،مختلف شہروں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات نے آج شمالی بلوچستان ، خیبرپختونخوا ،پنجاب میں سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور سندھ میں بعض علاقوں کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پربارش اور چند مقامات پر ڑالہ باری کی پیش گوئی کی ہے۔آئندہ دو روز میں کشمیر ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ سمیت وفاقی دارالحکومت میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ، بارشوں کے باعث ڈی جی خان ، راولپنڈی اور گوجرانوالہ ڈویڑن کے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔جبکہ بارشوں کے باعث کشمیر ، خیبر پختونخواہ اور فاٹا کے نشیبی علاقے زیر آب آنے سمیت ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خطرہ ہے۔ دوسری جانب چیچہ وطنی میں شہر اور گردو نواح میں بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ ڈی جی میٹ کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ ، پنجا ب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آئندہ تین روز میں مزید بارش ہو گی۔ ڈی جی میٹ نے کہا کہ موجودہ بارشوں سے بلوچستان میں خشک سالی کا اختتام ہوا، چترال ،سوات اور دیر میں بھی بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جو کسی بھی نقصان کا سبب بن سکتے ہیں۔جبکہ 16 مارچ سے ملک بھر میں موسم بہار کی بارشوں کی تیسرا سلسلہ شروع ہو گا۔