کراچی(نیوز ڈیسک) فشرمین کو آپریٹیو سوسائٹی کے چیئرمین نثار مورائی کو حساس اداروں نے اسلام آباد سے گرفتار کر لیا ہے، ان پر اعلیٰ شخصیات کو فشریز سے حاصل ہونے والی رقم پہنچانے اور غیر قانونی بھرتیاں کرنے سمیت دہشتگردوں کی مالی معاونت کے الزامات ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ بہت عرصے سے منظر عام سے غائب نثار مورائی کو اطلاع ملنے پر اسلام آباد سے حساس اداروں نے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے اور ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔ نثار مورائی فشرمین کوآپریٹیو سوسائٹی کے سابق چیئرمین ہیں اور کیڈٹ کالج پٹارو کے طالب علم رہ چکے ہیں ، نثار مورائی کے خلاف نیب، ایف آئی اے سمیت حساس ادارے تحقیقات کر رہے تھے۔ ان پر نیب میں فشرمین کوآپریٹیو سوسائٹی میں گھپلے، غبن، منی لانڈرنگ اور سب سے خطرناک دہشتگردوں کی مالی معاونت کے الزامات کے تحت تفتیش جاری تھی۔ نیب ذرائع یہ بھی دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ فشریز سے 35کروڑ روپے ماہانہ کماتے تھے۔ بعض حلقے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کی گرفتاری کے بعد نثار مورائی کی گرفتاری کو نہایت اہم قرار دے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق فشر مین کوآپریٹو سوسائٹی کے ساڑھے چھ سو سے زائد ملازمین کی جانچ پڑتال میں تی. سو سے زائد ملازمین کی موجودگی ظاہر نہیں ہوتی۔