لاہور (نیوزڈیسک) وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں کے خلاف نیب نے ایک اور کیس کھول دیا ، ویڈیو اسکینڈل کے بعد پلاٹوں کی غیر قانونی منتقلی کا الزام ،نیب نے متعلقہ ادارے سے پلاٹوں کے ریکارڈ کی فائلیں طلب کرلیں۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نیب کو صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود کے خلاف درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ان پر گلشن راوی میں کمرشلائزیشن قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے متعدد پلاٹوں کو رہائشی علاقے میں منتقل کرنے کا الزام ہے۔ صوبائی وزیر کی مبینہ ملی بھگت سے آئی بلاک میں سینتیس کمرشل پلاٹوں کی فائلیں رہائشی علاقے کی فائلوں میں منتقل کی گئیں۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ پلاٹوں کی غیر قانونی منتقلی سے محکمے کو کروڑوں کا نقصان ہوا۔ قومی احتساب بیورو نے لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے گلشن راوی میں پلاٹوں کی منتقلی کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ رانا مشہود احمد سمیت فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے گئے۔