لاہور(نیوز ڈیسک)سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے مغوبی صاحبزادے شہباز تاثیر کی پانچ برس بعد اچانک بحفاظت بازیابی کی خبر پر اہل خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ،رشتہ دار اور دوست احباب تاثیر خاندان کی رہائشگاہ پہنچ گئے ، خاندان کے افراد اور پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں نے ٹیلیفون پر بھی رابطے کر مبارکباد دی ۔ ذرائع کے مطابق میڈیا میں حساس اداروں کی کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں کامیاب کارروائی کے نتیجے میں شہباز تاثیر کی بحفاظت بازیابی کی خبر آتے ہی اہل خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ میڈیا میں خبریں آنے کے بعد خاندان کے افراد اور دوست احتباب نے رابطہ کیا اور مبارکباد دی ۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماﺅں نے بھی شہباز تاثیر کے اہل خانہ سے ٹیلیفون پر رابطے کر کے انہیں مبارکباد دی ۔ ذرائع کے مطابق شہباز تاثیر کی بازیابی کی خوشی میں رشتہ دار ان کی رہائشگاہ پہنچنا شروع ہو گئے ۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ تاثیر خاندان کی رہائشگاہ پر سکیورٹی کے انتظامات کو پہلے سے مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صاحبزادے شہباز تاثیر کو 26اگست کو 2011ءکو گھر سے دفتر جاتے ہوئے گلبرگ کے علاقے سے اغواءکر لیا گیا تھا ۔