لاہور (نیوز ڈیسک) بیرون ممالک اور ملک کے دوسرے شہروں سے آکر لاہور کے ہوٹلوں اور گیسٹ ہاﺅسز میں قیام کرنے والوں کا سوفٹ وئیر کے ذریعے ریکارڈ مرتب کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ، لاہور پولیس نے خصوصی سافٹ وئیر تیار کر ا کے تمام ہوٹلوں اور گیسٹ ہاﺅسز میں انسٹال کرا دیا جس سے ان افراد کی مانیٹرنگ کی جا سکے گی ۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے بتایا کہ بیرون ممالک اور ملک کے مختلف شہروں سے آکر لاہور کے ہوٹلوں اور گیسٹ ہاﺅسز میں قیام کرنے والوں کا خصوصی سوفٹ وئیر کے ذریعے ریکارڈ مرتب کرنے کیلئے عملی اقدام شروع کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ہوٹلوں اور گیسٹ ہاﺅسز میں سافٹ وئیر انسٹال کر دیا گیا ہے جس کے ذریعے یہاں آنے والوں کی تصاویر ، شناختی کارڈ نمبر سمیت دیگر کوائف کا اس میں اندراج کیا جائے گا جو فوری طور پر پولیس کے کنٹرول روم کے ریکارڈ میں آجائے گا جس سے انہیں بآسانی مانیٹر کیا جا سکے گا۔