لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب میں دہشت گردی سے متاثرہ شہریوں کے لئے آرڈیننس جاری کر دیا گیا جس کے تحت دہشت گردی کا شکار افراد کے لواحقین کو دس لاکھ روپے کی مالی مدد ملے گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ کی طرف سے جاری آرڈیننس کے مطابق دہشت گردی سے متاثر شہریوں کے لئے فنڈ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس کی رو سے دہشت گردی کا شکار افراد کو بروقت امداد اور سہولیات فراہم کی جا سکیں گی ۔ دہشت گردی کا شکار افراد کے لواحقین کو دس لاکھ روپے مالی مدد دی جائے گی ۔ زخمی یا معذور ی کی صورت میں پانچ لاکھ ، جزوی نقصان پر ایک لاکھ روپے کی مدد ہو گی ۔ دہشت گردی سے کاروباری نقصان کی صورت میں پانچ لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا ۔ دہشت گردی کے واقعہ میں ٹرک اور بڑی گاڑی تباہ ہونے کی صورت میں پانچ لاکھ روپے ملیں گے ۔ گاڑی کو جزوی نقصان پہنچنے پر اسی ہزار روپے دیئے جائیں گے ۔ کار ، جیپ اور رکشے کے تباہ ہونے پر دو لاکھ روپے ملیں گے جبکہ جزوی نقصان پر چالیس ہزار روپے ملیں گے ۔ موٹر سائیکل کی تباہی کی صورت میں بیس ہزار روپے ملیں گے اور مویشیوں کے جانی نقصان پر بھی مدد ملے گی جبکہ گھر تباہ ہونے کی صورت میں پانچ لاکھ اور جزوی نقصان پر ایک لاکھ روپے ملیں گے۔