لاہور(نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور چین کا پاکستان کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے اور سی پیک کے تحت پنجاب سمیت پاکستان بھر میں منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہو ں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کے سفر پر چل پڑا ہے۔چند مٹھی بھر عناصر عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی میں جان بوجھ کر رکاوٹیں ڈال رہے ہیں لیکن عوام نے ایسے عناصر کو عام انتخابات 2013 اور بلدیاتی الیکشن میں مسترد کر دیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے ، اسے مل کر مضبوط اور توانا بنائیں گے۔