کراچی(نیوز ڈیسک)ایک سینئر تجزیہ کار کا کہناہے کہ الطاف حسین کی شدید علالت کی خبریں آرہی ہیں ایسی صورتحال میں مصطفی کمال کی واپسی سے لگتا ہے ایم کیو ایم میں تخت نشینی کی جنگ شروع ہوگئی ہے، پاکستان پر دس پندرہ خاندان حکمران حکومت کررہے ہیں باقی سب طفیلی ہیں، پاکستان کا بحران اقتصادیات کا نہیں اخلاقیات کا ہے، تمغہ حسن کارکردگی حاصل کرنے والوں کیلئے رقم کم از کم پچاس لاکھ روپے ہونی چاہئے۔وہ نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کررہے تھے۔ مصطفی کمال کی پریس کانفرنس پر تجزیہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الطاف حسین صحت کے سنگین مسائل سے دوچار ہیں اور ان کی شدید علالت کی خبریں آرہی ہیں، ایسی صورتحال میں مصطفی کمال کی واپسی سے لگتا ہے ایم کیو ایم میں تخت نشینی کی جنگ شروع ہوگئی ہے، ابھی مزید لوگ بھی سامنے آئیں گے، مصطفی کمال اور انیس قائم خانی اپنی اپنی جگہ زبردست لوگ ہیں، مصطفی کمال کی کردار کشی کی کوششوں پر افسوس ہوا ہے،پہلے ایم کیوا یم کی تقسیم کی جو دو کوششیں ہوئیں وہ الطاف حسین کی وجہ سے ناکام ثابت ہوئیں مگر اس دفعہ معاملہ مختلف ہے۔